چین میں حالیہ انویسٹمنٹ کانفرنس پاکستان کی تاریخ کی کامیاب ترین کانفرنس ثابت ہوئی ہے، وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ
چنیوٹ۔ 08 ستمبر :وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چین میں حالیہ انویسٹمنٹ کانفرنس پاکستان کی تاریخ کی ایک کامیاب ترین کانفرنس ثابت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دو ارب ڈالر مالیت کے جوائنٹ وینچرز اور سات ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں 300 پاکستانی بزنس مین اور چین کے 500 انٹرپرینیورز نے شرکت کی۔ یہ کانفرنس مکمل طور پر بزنس ٹو بزنس بنیادوں پر منعقد ہوئی جس میں حکومت پاکستان نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ، ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتوں نے شب و روز محنت کر کے اس کانفرنس کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ڈائریکٹ فارن انویسٹمنٹ اور جدید ٹیکنالوجی کی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور صنعت و تجارت کو فروغ ملے۔ حالیہ کانفرنس اس سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان میں معدنی وسائل (منرلز) کا شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے اور حکومت اس شعبے سمیت تمام شعبوں میں سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے ساتھ طویل المیعاد تعلقات اور گہری دوستی کے تحت بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان سرمایہ کاری منصوبوں کے بروقت فالو اپ سے پاکستان میں صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم طویل المدتی منصوبہ بندی کریں اور مستقل بنیادوں پر ایسے اقدامات کریں جن سے عوام کو آئندہ قدرتی آفات سے بچایا جا سکے
Comments are closed.