بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد

13

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے زیر اہتمام آج عقیدت و احترام کے ساتھ محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام بی آئی ایس پی کی انتظامیہ، آل پاکستان ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے کیا گیا، جس میں بی آئی ایس پی کے افسران اور سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محفل میں شرکت کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران و سٹاف کے ہمراہ تقریب کی رونق بڑھائی۔

تقریب کے دوران ملازمین نے حضور نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کے نذرانے پیش کیے، جبکہ پرنسپل جامعہ نعیمیہ، مفتی گلزار احمد نعیمی نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ حضور ﷺ نے انسانیت کو سربلند کیا، عورتوں کو حقوق دیے اور دنیا میں امن کا پیغام عام کیا۔

چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ تین اقدار کو مدنظر رکھنا چاہیے: رحمت، ایثار اور رواداری، کیونکہ یہ تعلیماتِ نبوی ﷺ کا خلاصہ ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر بی آئی ایس پی کے ملازمین پر زور دیا کہ مستحق اور کمزور طبقات کی خدمت عزت و احترام کے ساتھ انجام دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت اخلاص کے ساتھ ہونی چاہیے، دکھاوے کے لیے نہیں، کیونکہ ہزاروں گھرانے خاموشی سے مدد کے منتظر ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں—سوات، بونیر اور صوابی—کے اپنے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

تقریب کا اختتام حضور نبی کریم ﷺ کی شان میں درود و سلام کی عقیدت بھری محفل اور پاکستان کی سلامتی، امن و خوشحالی، اور بی آئی ایس پی کی ترقی و کامیابی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔

Comments are closed.