صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون کا سوست پورٹ احتجاج پر اہم بیان، پرامن حل کی یقین دہانی
گلگت، 7 ستمبر 2025 (محکمہ اطلاعات، گلگت بلتستان):
صوبائی وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے گلگت میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوست پورٹ پر جاری احتجاج کے حوالے سے حکومت تمام معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم چند مخصوص عناصر پورٹ کے نظام کو یرغمال بنا کر ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر جائز مطالبے پر غور کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزراء، سینئر منسٹرز اور سیکریٹری فنانس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی میٹنگ عنقریب منعقد ہوگی۔ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز اور بارڈر کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ مذاکرات کرے گی اور چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اس مسئلے کو جمہوری اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کرنے کی پوری کوشش کرے گی تاکہ مقامی تاجروں کو سہولت میسر آئے اور تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سوست پورٹ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس کی فعالیت اور شفافیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی گروہ یا مافیا پورٹ کو ہائی جیک نہیں کر سکتا اور ٹریڈ کا عمل مکمل طور پر قانونی فریم ورک کے تحت شفاف انداز میں جاری رہے گا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ریاست اور حکومت کے خلاف بیانیے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، تاہم عوام کے جائز اور قانونی مطالبات کے حل کے لیے حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور پرامن طریقے سے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.