ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان نے اسسٹنٹ کمشنر دُکی ڈاکٹر عبدالسلام اور نائب تحصیلدار بلال احمد کے ہمراہ شارغلی شاغرئی اور تورہ ڈیرئی کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا

17

دکی 06 ستمبر: ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان نے اسسٹنٹ کمشنر دُکی ڈاکٹر عبدالسلام اور نائب تحصیلدار بلال احمد کے ہمراہ شارغلی شاغرئی اور تورہ ڈیرئی کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں چار سے پانچ ہزار سال پرانے قیمتی آثارِ قدیمہ موجود ہیں۔ یہ مقامات قدیم تہذیبوں اور انسانی تاریخ کا روشن باب ہیں جو نہ صرف دُکی بلکہ پورے پاکستان اور دنیا کے لیے ایک قیمتی ورثہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ان آثارِ قدیمہ کو قومی ثقافتی ورثہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی کو بھی ان مقامات کو نقصان پہنچانے یا مٹانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حفاظت اور تشہیر ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اپنی تاریخ اور تہذیب سے روشناس رہ سکیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان آثار کے گرد و نواح میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی کھدائی یا تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مقامی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یہ مقامات محفوظ رہیں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو بھی ان تاریخی مقامات سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ انہیں باضابطہ طور پر قومی ورثہ قرار دیا جا سکے۔

Comments are closed.