وزیر اعظم شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مشیر مذہبی امور محمود صدیقی الھباش کی ملاقات ، پاکستان فلسطین کے برادر عوام کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا، شہباز شریف

19

اسلام آباد۔5ستمبر :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین کے لیے پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ پاکستان فلسطین کے برادر عوام کے لیے اپنی مکمل حمایت اور غزہ کے اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی ساختہ قحط کے شکار عوام کے لیے امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی صدر کے مشیر مذہبی امور و شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ محمود صدیقی الھباش اسلام آباد میں منعقدہ سیرت کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے فلسطینی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کیلئے اپنے تہنیتی پیغام میں فلسطین کے لیے پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے برادر عوام کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا جنہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور بہادری سے اسرائیلی جارحیت کا سامنا کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہر سفارتی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پوری قوت سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ غزہ کی انسانی صورتحال پر وزیراعظم نے فلسطینی وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا جو اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی ساختہ قحط کا شکار ہیں۔ فلسطینی صدر کے مشیر نے مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر فلسطین کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور فلسطین کے عوام کے درمیان دیرینہ اور تاریخی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ان کے لیے تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ملاقات میں صدر محمود عباس کی جانب سے ایک خط بھی وزیراعظم کو دیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری مذہبی امور نے ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت کی۔

Comments are closed.