چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا ضلع کھرمنگ کا دورہ، سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی، شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا

19

کھرمنگ
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) کے ہمراہ ضلع کھرمنگ کا دورہ کیا، جس کا مقصد حالیہ تباہ کن سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لینا اور متاثرہ عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان اور ڈپٹی کمشنر کھرمنگ معراج عالم نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات، متاثرہ آبادی اور جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے دورے کے دوران سیلاب سے شدید متاثرہ گاؤں کتیشو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
بعدازاں انہوں نے میردو اور کمنگو کے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری ریلیف و ریسکیو آپریشنز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد بروقت اور شفاف طریقے سے فراہم کی جائے۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ڈی سی آفس کھرمنگ میں منعقدہ شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا۔ اس مہم میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) اور کمشنر بلتستان ڈویژن نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ اور سبز و شاداب گلگت بلتستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے بعد ازاں ضلع کھرمنگ کے مختلف محکموں کے سربراہان سے ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں۔

Comments are closed.