معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان، ایمان شاہ کا 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام
گلگت
معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان، ایمان شاہ نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو ہمیں وطن سے محبت، قربانی اور اتحاد کی عظیم مثالیں یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ان بہادر سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ایمان شاہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے 1965ء میں جرأت، بہادری اور حب الوطنی کی جو داستان رقم کی، وہ آج بھی ہماری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔
گلگت بلتستان کے غیور عوام اور نوجوان ہمیشہ سے ملکی سلامتی اور دفاع میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم داخلی و خارجی چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ملک کی سالمیت، خودمختاری اور ترقی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔اپنے پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے احسانات کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.