وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں صوبے کے محکمہ صحت میں ڈیجیٹیلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

14

وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں صوبے کے محکمہ صحت میں ڈیجیٹیلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت مجیب الرحمن اور ایڈیشنل سیکریٹری صحت ثاقب کاکڑ سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ٹیکنیکل ٹیم نے صوبائی وزیر صحت کو محکمہ صحت کے جاری اور مجوزہ ڈیجیٹل اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتالوں اور مراکز صحت میں جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے نفاذ سے نہ صرف مریضوں کے ڈیٹا کی درست مانیٹرنگ ممکن ہو گی بلکہ شفافیت اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری ڈیجیٹل منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اضلاع کی سطح پر بھی ان اقدامات کو وسعت دی جائے تاکہ عوام کو سہولیات تک آسان رسائی میسر ہو سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹیلائزیشن پلان کے تحت ہسپتالوں میں مریضوں کے ریکارڈ کو آن لائن نظام سے منسلک کیا جائے گا، ادویات کی فراہمی اور اسٹاک مینجمنٹ کو بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا جبکہ فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کی کارکردگی براہِ راست مانیٹر کی جا سکے گی

Comments are closed.