بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور HAZZA انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مابین بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے باہمی اشتراک پر اتفاق
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج BISP ہیڈکوارٹرز میں HAZZA انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے بورڈ ممبر جناب محمد سلیم احمد رانجھا اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب اظہر اقبال سندھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران “بینظیر ہنرمند پروگرام” کے تحت بی آئی ایس پی مستحقین کی سکل ٹریننگ کیلئے ایک مشترکہ پائلٹ منصوبے پر تبادلہ خیال تھا۔
مجوزہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ابتدائی طور پر بی آئی ایس پی کے 50 مستحق افراد کو کنسٹرکشن، ہاسپٹالٹی اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں اعلیٰ معیار کی، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس ٹریننگ کے دوران میں ملازمت کے دوران کام کرنے کے آداب و اخلاقیات اور ذاتی
حفظان صحت جیسی سافٹ سکلزکی تربیت بھی شامل ہوں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقعوں سے مستفید ہونے کیلئے ہنرمندی کی تربیت نہایت ضروری ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ فراہم کردہ تربیت بین الاقوامی معیار کی ہو، تاکہ ہمارے مستحقین نہ صرف ملکی ترقی میں کردار ادا کریں بلکہ اپنے خاندانوں کی کفالت بھی بہتر طریقے سے کر سکیں۔
بعد ازاں ، سینیٹر روبینہ خالد نے “بینظیر ہنرمند پروگرام” کی ٹیم کے ہمراہ HAZZA انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ایم ڈی اظہر اقبال سندھو اور جناب سلیم احمد رانجھا نے ادارے کے آپریشنل فریم ورک، جاری تربیتی ماڈیولز اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے ان ٹرینیز سے بھی ملاقات کی، جو اس وقت پلمبنگ، الیکٹریکل ورک، ویلڈنگ، سائبر ٹیکنالوجی، ڈرائیونگ اور کورین زبان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرینیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں۔ آپ کی پہچان آپ کا ملک ہے۔ اپنے اساتذہ اور بڑوں کا احترام کریں، اخلاق و رواداری کو اپنائیں، اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ سیاسی یا مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی کے لیے متحد رہیں۔
آخر میں، ایم ڈی اظہر اقبال سندھو نے سینیٹر روبینہ خالد کو BISP کے تحت مستحق خواتین کو بااختیار بنانے کی کاوشوں پر ان کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے ایک سووینئر بھی پیش کیا۔
Comments are closed.