ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل کی صدارت میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

19

کچھی ۔۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل کی صدارت میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کچھی، کمانڈنگ آفیسر 152 ونگ سبی سکاوٹس، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفینس نصیرآباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کچھی، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی بھاگ، ڈھاڈر، مچھ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمعداد خان مندوخیل نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ تمام تقریبات پُرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو سکیں۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عوام تک پہنچائیں تاکہ دین اسلام کو تقویت ملے اور معاشرے میں اخوت، بھائی چارہ اور امن کا پیغام عام ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ضلع بھر میں مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی ریلیوں، جلسوں اور محافل میلاد کے لیے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے، جن میں سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، طبی امداد اور دیگر تمام سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے تحت فرائض انجام دیں تاکہ ضلع کچھی میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منعقد ہو سکیں۔

Comments are closed.