سیرت کی عصری اہمیت اور نوجوان نسل کی تربیت

21

عشرہ رحمت للعالمین ﷺ 1447ھ / 2025ء
دورِ حاضر میں جہاں نوجوان نسل کو مختلف فکری، اخلاقی اور سوشل میڈیا کے چیلنجز کا سامنا ہے، وہاں سیرتِ طیبہ  کا مطالعہ ان کی شخصیت سازی، کردار کی تعمیر، اور سوشل میڈیا سمیت جدید زندگی کے ہر میدان میں رہنمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ نبی کریم   کی تعلیمات ہمیں برداشت، مساوات، عدل، امانت، حیا، دیانت، مشاورت، اور خدمتِ خلق جیسے اوصاف عطا کرتی ہیں جن کی آج کے پاکستانی معاشرے میں اشد ضرورت ہے۔
سیرت النبی   کے فروغ میں وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کا کردار
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی گزشتہ کئی برسوں سے ریاستی سطح پر سیرتِ طیبہ   کے فروغ کے لیے ہمہ جہت اقدامات کر رہی ہے، جن میں قومی سیرت مقابلہ جات، قومی وبین الاقوامی سیرت النبی کانفرنسز کا انعقاد، عشرہ رحمت للعالمین   پروگرمات، سیرت لٹریچر کی اشاعت، سیرت سیمینارز وغیرہ شامل ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ وزارت نے سیرت کو صرف مذہبی یا روحانی دائرہ تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اس کے سماجی، قانونی، تعلیمی اور حکومتی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا ہے۔
قومی مقابلہ کتب و مقالات سیرت – علمی خدمت کی سنہری روایت
پاکستان میں سیرت کے فروغ کے لیے وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی ہر سال قومی مقابلہ کتب و مقالات سیرت کا انعقاد کرتی ہے۔ اس مقابلے میں اردو، انگریزی، عربی اور علاقائی زبانوں میں کتب اور تحقیقی مقالات وصول کیے جاتے ہیں، جنہیں ماہرین پر مشتمل کمیٹیوں کی کڑی جانچ کے بعد انعامات کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ اس روایت نے پاکستانی معاشرے میں تحقیق، تصنیف، اور فکری سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے اور سیرت پر اعلیٰ سطحی علمی مواد کو عام کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
1500ویں میلاد مصطفی   اور 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی   کانفرنس کی مناسبت سے تقریبات
ربیع الاول کا مہینہ ہر سال ایمان والوں کو اپنے نبی حضرت محمد مصطفیٰ   کی ولادتِ باسعادت کی یاد دلا کر روحانی تازگی، عقیدت اور اصلاحِ احوال کا پیغام دیتا ہے۔ نبی کریم   کی ذاتِ اقدس انسانیت کے لیے سراپا رحمت ہے، جن کی سیرت، زندگی کے ہر دینی، سماجی، سیاسی، معاشی اور قانونی پہلو کے لیے کامل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
ربیع الاول سال 1447ھ (2025ء) کی آمد اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کہ یہ ہجری تقویم میں نبی کریم  کی1500 ویں ولادت باسعادت کا سال ہے۔ اس موقع کو نمایاں طور پر منانے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے اسے “Year of Commemoration of the 1500th Anniversary of the Birth of Prophet Muhammad ﷺ, the Prophet of Mercy” قرار دیا ہے، اور تمام رکن ممالک کو علمی، تعلیمی، سماجی، اور میڈیا سرگرمیوں کے ذریعے اس موقع پر آپ ﷺ کی ذات عالی کو خراج تحسین پیش کرنے اور آپ ﷺ کی سیرت کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان، جو اس عالمی تنظیم کا بانی رکن ہے، نہایت جوش و جذبے سے اس موقع پر1 تا 12 ربیع الاول 1447ھ کو “عشرہ رحمت للعالمین ﷺ” منانے جا رہا ہے ۔ اس عشرے کی خصوصی اہمیت یہ بھی ہے کہ اس دوران 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد بھی ہو رہا ہے، جسے وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کی طرف سے سیرت النبی ﷺکے فروغ کے سلسلے میں ایک سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔
قومی مرکزی تقریبات
اسلام آباد میں وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مختلف نوعیت کی تقاریب منعقد ہوں گی، جن میں سرفہرست 12 ربیع الاول کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہے۔ اس تاریخی کانفرنس میں اسلامی دنیا سے معروف علمائے کرام، اسکالرز، محققین، سفرا، ممبران پارلیمنٹ، سول سوسائٹی، اور نوجوان نسل کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کو مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے۔ اس سال کانفرنس کا موضوع نہایت عصری نوعیت کا ہے:
“سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں”
کانفرنس کے ساتھ ہی 11 ربیع الاول کی شب وزارت کی میزبانی میں قومی محفلِ نعت منعقد ہوگی جس میں معروف نعت خواں، مشائخ، اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ اسی عشرے کے دوران اسلام آباد میں ایک جامع اور متنوع قرآن و سیرت نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں قرآن مجید کے نسخے، سیرت نبوی ﷺ پر مستند کتب، ڈیجیٹل سیرت اسٹالز اور اسلامی خطاطی کے نمونے پیش کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، قومی مقابلہ کتب سیرت و نعت 2025ء کی تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد بھی ہو گا، جس میں خوش نصیب مصنفین، نعت گو شعرا، اور مقالہ نگار کو نقد انعامات ، اعزازی شیلڈز اور اسناد سے نوازا جائے گا۔ انعامات کی تقسیم، 11 ربیع الاول کو ہونے والی تقریب میں کی جائے گی۔ جبکہ نمایاں تریں انعامات مرکزی تقریب ، بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس میں بدست صدر پاکستان ووزیر اعظم پاکستان دیے جائیں گے۔
دیگر ملکی وصوبائی تقریبات
وزارت مذہبی امور نے تمام صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، وفاقی وزارتوں اور میڈیا اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے موقع پر اپنے اپنے دائرہ کار میں تقاریب منعقد کریں تاکہ اس عظیم پیغام کو ہر فرد تک پہنچایا جا سکے۔ اس ضمن میں:
• صوبائی و ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسز، محافلِ نعت، سیمینارز، اور بین المذاہب مکالمے ہوں گے
• جامعات، کالجز اور اسکولز میں سیرت ہفتہ، تقریری و مضمون نویسی مقابلے، اور اخلاقی تربیت کی سرگرمیاں
• HEC، CII، PTA اور FIA کی شراکت سے سوشل میڈیا اور اخلاقی تربیت پر سیرت سیمینارز
• الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر سیرت پر مبنی ڈاکومنٹریز، ویڈیو پیغامات، اور نعتیہ و فکری پروگرام نشر ہوں گے
• خیراتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جیسے یتیم خانوں، معذور مراکز اور قیدیوں کے لیے خصوصی پروگرامز
سرکاری و ریاستی اہتمام
عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی مناسبت سے 12 ربیع الاول کو وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور صوبائی صدر مقامات پر 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ سرکاری تعطیل، یادگاری اشاعت، اور پچاس سالہ سیرت کانفرنس کا جامع ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔ ساتھ ہی وزارت کی جانب سے ا دستاویزی شکل میں ملک بھر میں منعقدہ تقریبات کو محفوظ کرے گی۔

پیغامِ اختتام
عشرہ رحمت للعالمین ﷺ 2025ء نہ صرف نبی کریم ﷺ کی1500 ویں ولادت باسعادت کا موقع ہے بلکہ پاکستان کی ریاستی، علمی، تعلیمی، فکری، اور دینی یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔ یہ عشرہ ہمیں اپنے قول و عمل کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے تابع کرنے، نوجوان نسل کو ڈیجیٹل اخلاقیات کا شعور دینے، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

Comments are closed.