اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا چلاس کے قریب پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار
اسلام آباد: یکم ستمبر 2025: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چلاس کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء ملک و قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بہادر جوان فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امر ہو گئے۔ ان کی ملک و قوم کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اور پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا کرے۔
Comments are closed.