پاک بحریہ کی پنجاب اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

17

کراچی، 12 ستمبر 25: پاک بحریہ کی جانب سے پنجاب اور سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر، پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو جلال پور، ملتان (پنجاب) میں تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقے جن میں کشمور، گھوٹکی، سکھر اور شکارپور شامل ہیں، میں پہلے سے موجود ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں ہوورکرافٹ، ریسکیو بوٹس اور ماہر غوطہ خور ٹیموں سے لیس ہیں، تاکہ زیرِ آب علاقوں تک فوری رسائی حاصل کر کے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 478 سیلاب زدہ افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، کو مختلف متاثرہ علاقوں سے بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد سندھ میں اب تک ریسکیو کیے گئے افراد کی مجموعی تعداد 6,860 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ آبادی کو مفت طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی بھی جاری ہے، تاکہ اس قدرتی آفت میں بروقت طبی امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔

گڈو اور سکھر بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث، پاک بحریہ ہائی الرٹ ہے اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاک بحریہ اس ہنگامی صورتحال میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

Comments are closed.