متحدہ عرب امارات کے12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کا اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ

18

11 ستمبر 2025

چیف آف نیشنل نارکوٹکس کنٹرول اتھارٹی، متحدہ عرب امارات، شیخ زید بن حماد بن ہمدان النہیان نے12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبد المعید، ہلال امتیاز (ملٹری) نے سینئر افسران کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔اماراتی وفد کے دیگر ارکان میں ابوظہبی، دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، اجمان، فجیرہ اور ام القوین کے اینٹی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹس کے اعلیٰ افسران شامل تھے۔

دونوں ممالک کے وفود کے مابین انسدادِ منشیات کے امورزیرِ بحث لائے گئے۔ گفتگو کے دوران قانونی لائحہ عمل اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وفود نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھایا جائے۔ اس کے علاوہ قانونی پہلوؤں کوجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان منشیات کے مسائل پر دوطرفہ تعاون کے لیے ایک سنگ میل تصور کیا جارہا ہے۔ ماضی میں بھی دونوں ممالک کی انسدادِ منشیات ایجنسیوں نے استعداد کار میں اضافے، منشیات کے عادی افراد کی بحالی، تکنیکی اپ گریڈیشن اور ڈرگ لا انفورسمنٹ ٹریننگ کے میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہے۔
*ترجمان اے این ایف*

Comments are closed.