اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 گرفتار
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 11 ستمبر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 آپریشنز میں 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 153 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں کاک پل کے قریب دو مسافروں سے 1200 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے
قبضے سے 76 گرام چرس اور 245 گرام کلونزوپام ڈراپس پکڑے گئے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ طلباء کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کے پیٹ سے 210 گرام وزنی 35 کوکین بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔ حیات آباد پشاور میں کوریئر آفس سے لاہور بھیجے جانے والے پارسل میں 536 گرام وزنی 890 ایکسٹیسی گولیاں پکڑی گئیں۔
پشین کے علاقے یارو میں دو مختلف کارروائیوں میں موٹر سائیکل سوار ملزمان سے مجموعی طور پر 30 کلو چرس برآمد ہوئی۔ حب روڑ کراچی کے قریب گاڑی سے 116.4 کلو چرس اور چونگی نمبر 26 اسلام آباد میں ایک ملزم سے 2.4 کلو افیون اور 2.4 کلو چرس بھی برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
Comments are closed.