مردان میں تعلیمی و کھیلوں کے منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

مردان: وزیر خوراک خیبرپختونخوا، ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت مردان میں محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی اسپورٹس، اوقاف کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، میل و فیمل کے نمائندے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام نے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور درپیش رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مردان میں تعلیمی اور کھیلوں کے تمام منصوبوں میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہو سکیں۔

وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان صوبے اور ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی ترقی کو فروغ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، خصوصاً کھیلوں میں مصروف رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ بری صحبتوں سے محفوظ رہیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔

وزیر خوراک نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں سہولیات فراہم کرنا حکومت خیبرپختونخوا کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.