ہلالِ احمر نے سیلاب متاثرین کیلئے ہیومینٹیرین اپیل لانچ کردی

12

اسلام آباد (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ ) ہلالِ احمرپاکستان نے اپنے سٹیک ہولڈر اور موومنٹ پارٹنر کے اشتراک سے سیلاب متاثرین کیلئے باقاعدہ اپیل لانچ کردی۔ اِس حوالے سے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تباہ کن مون سون سیزن کا سامنا کررہا ہے۔ اَمسال بھی بارشوں نے ایسے بحران کو جنم دیا ہے جو وسیع انسانی ہمدردی کا متقاضی ہے۔ تمام متاثرہ علاقوں میں ہلالِ احمر پاکستان کی ٹیمیں موجود ہیں۔ متاثرین کو پکا پکایا کھانا، عارضی پناہ گاہیں، خشک راشن، طبّی سہولیات اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا ہے، موبائل ہیلتھ ٹیمیں مصروف ِ کار ہیں۔ پینے کے صاف پانی کے جدید ترین پلانٹس روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کررہے ہیں۔ ہمیں آپ سب سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے اپنے موومنٹ پارٹنرز، سٹیک ہولڈرز اورانٹرنیشنل فیڈریشن، انٹرنیشنل کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ ہلالِ احمر پاکستان ہنگامی ریسپانس اور ابتدائی بحالی کے کاموں کا آغاز کررہا ہے۔ اپیل کا مقصد متاثرہ علاقوں میں ریسپانس کو بڑھانا ہے۔ جس کیلئے ضروری وسائل کو متحرک کرنا ہے۔اِس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر پاکستان محمد عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں ہلالِ احمر پاکستان کی متاثرہ علاقوں جاری سرگرمیوں کے متعلق بتایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ لیڈنگ آرگنائزیشن ہونے کے ناطے ہلالِ احمر پاکستان اپنی استطاعت کے مطابق سیلاب متاثرین کی خدمت کررہا ہے۔ خدمت کے اِس سفر کو وسعت دینے کیلئے ہمیں ہمارے اشتراکی اداروں، سٹیک ہولڈرز، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس سے مزید تعاون کی اپیل ہے۔اِ س موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دِکھائی گئی۔تقریب سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس اینڈ ریڈکریسنٹ کے پاکستان میں ہیڈآف ڈیلیگیشن فرید عبدالقادر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں امریکی سفارتخانہ کی مندوب، مختلف ممالک کے سفراء کرام، ترکش ریڈکریسنٹ کی سربراہ بیضا، جرمن ریڈکراس کے آصف امان، نارویجن ریڈکراس کے افتخار علیار، سول سوسائٹیز کی مقتدر شخصیات اور ہلالِ احمرپاکستان کے رضاکار وسٹاف بھی موجود تھا۔

Comments are closed.