بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بیجنگ کے ہواویان سٹی کے چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر رائے سے اہم ملاقات کی

16

بیجنگ، 4 دسمبر – بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بیجنگ کے ہواویان سٹی کے چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر رائے سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں ایک اہم جغرافیائی اور تجارتی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں معدنی وسائل کی وسیع رینج موجود ہے اس کے علاوہ بلوچستان کی ساحلی پٹی اور ماہی گیری کے وسائل چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبے، قابلِ تجدید توانائی (سولر اور ونڈ)، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبے بھی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہیں جبکہ صوبے میں بننے والے نئے صنعتی زونز اور سی پیک کے تحت تیار ہونے والا گوادر پورٹ اور فری اکنامک زون سرمایہ کاری کے لیے خطے میں ایک نیا باب کھول رہے ہیں۔بلال خان کاکڑ نے زور دیا کہ اگر چینی سرمایہ کار بلوچستان میں براہِ راست سرمایہ کاری کریں تو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ اس تعاون سے روزگار کے مواقع، انفراسٹرکچر کی ترقی، اور پاکستان-چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔مسٹر رائے نے بلوچستان کی اسٹریٹجک اہمیت اور قدرتی وسائل میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار بلوچستان کے منصوبوں کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور جلد ہی ایک سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطحی وفد بلوچستان کا دورہ کرے گا تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر مقامی شراکت داروں کے ساتھ عملی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

Comments are closed.