گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر ڈیمز بنے ہوتے تو پانی زحمت نہیں بلکہ رحمت ہوتا

18

 لاہور02ستمبر 2025…گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر ڈیمز بنے ہوتے تو پانی زحمت نہیں بلکہ رحمت ہوتا۔ایک ڈیم نہ بنے تو دوسروں پر کام روکنا کہاں کی عقلمندی ہے۔ مشکل حالات میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں متاثرین کی مشکلات پر بات کروں گا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج پنجاب بوائز سکاوٹس ،ریڈ کریسنٹ اور سویٹ ہوم کی ٹیم کے ہمراہ چنیوٹ کے سیلاب زدہ مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیلاب نے چنیوٹ سمیت پورے ملک میں بہت تباہی مچائی ہے جہاں غریب لوگوں کے مال، مویشی اور بیٹیوں کے جہیز سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔اُنہوں نے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میںحکومت کے ساتھ مخیر حضرات کو بھی آگے آکر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور کسی صورت سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ میںاپنے طور پر روزانہ کی بنیاد پر سیلاب زدہ علاقوں میں جا رہا ہوں اور مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے پانی کی وجہ سے لوگوں میں جلدی اور مختلف امراض پھیل رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے بچائو کے لئے ریڈ کریسنٹ کی طرف سے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے فیلڈ ہسپتال میں جاکر سیلاب متاثرین کے علاج معالجہ کے اقدامات کو بھی سراہا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کی آج کل میں وزیراعلی پنجاب سے ملاقات متوقع ہے ۔وہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سے غریب سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلوں کو معاف کرنے کی بات کریں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جہاں جہاں سیلاب متاثرین کے کیمپ ہیں وہاں روزانہ کھانا مہیا کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اگر آج ڈیمز بنے ہوتے تو یہ پانی زحمت نہیں بلکہ رحمت ہوتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں ہنگامی بنیادوں پر ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے بات کر کے سیلاب زدگان کیلئے سندھ کی طرز پر پنجاب میں بھی مکانات بنائے جائیں گے۔
گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پرپنجاب حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔اُنہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور لوگوں میں کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، سید عنایت علی شاہ،سابق ایم پی اے الیاس چنیوٹی اورپاکستان سویٹ ہومز کے زمرد خان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرصفی اللہ گوندل نے سیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کے لئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران ڈی پی او عبداللہ احمدبھی موجود۔

Comments are closed.