ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیا

24

نصیرآباد۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، این سٹاف ڈاکٹر غلام یاسین داجلی، کامنیٹ کے نمائندہ صدام حسین، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈاکٹر ممتاز احمد تنیہ، ڈی ایس وی ثناء اللہ چکھڑا، معروف مذہبی شخصیات مولانا نواب الدین ڈومکی، مولانا عاشق علی، بابو منظور شیرازی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور معززین علاقہ نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتا ہے، اس لیے والدین، علما کرام، اساتذہ، میڈیا اور تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ انسداد پولیو مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور معاشرے میں شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران نہ صرف ہدف کو مکمل کیا جائے بلکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی ٹیموں کی رسائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور عوامی اجتماعات میں پولیو کے قطروں کی اہمیت کو اجاگر کریں تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا جھجک والدین کو بچوں کو قطرے پلانے سے نہ روکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے سنجیدگی اور جذبے سے کام لیں تاکہ ہمارا ضلع اور ملک پولیو سے مکمل پاک ہو سکے۔

Comments are closed.