کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

0 13

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمےت بلوچستان بھر میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں اور باقاعدہ طور پر درس و تدریس کا آغاز ہو گیا ہے‘ محکمہ تعلیم کی جانب سے ایندھن کی بچت کے تحت کی گئی عارضی بندش کے خاتمے کے بعد طلبہ و طالبات ایک بار پھر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں‘تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے اسکولوں میں صبح کے اوقات میں طلبہ کی بڑی تعداد نے حاضری دی جبکہ اساتذہ نے بھی معمول کے مطابق کلاسز کا آغاز کیا‘ تعلیمی اداروں میں کئی روز کی بندش کے بعد تعلیمی ماحول دوبارہ بحال ہونے پر طلبہ اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے محکمہ تعلیم بلوچستان کے حکام کے مطابق تمام اسکولوں میں اب پانچ روزہ ہفتہ وار شیڈول نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات ہوں گی جبکہ پیر سے جمعہ تک باقاعدہ کلاسز جاری رہیں گی۔ اس نئے شیڈول کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں‘دوسری جانب حکام نے واضح کیا ہے کہ امتحانات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اور تعطیلات کے باعث امتحانی نظام الاوقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو بروقت امتحانات کی تیاری کے لیے مکمل سہولیات فراہم کریں‘شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے باہر والدین کی بڑی تعداد بھی دیکھی گئی جو اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لینے کے لیے موجود تھے۔ کئی طلبہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسکول دوبارہ کھلنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنی پڑھائی دوبارہ شروع ہونے پر پرجوش ہیں‘ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیمی تسلسل کی بحالی طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے اور اسکولوں کا بروقت کھلنا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں‘واضح رہے کہ ایندھن کی بچت کے پیش نظر تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کیے گئے تھے، تاہم اب حالات معمول پر آنے کے بعد کوئٹہ میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں اور درس و تدریس کا سلسلہ دوبارہ جاری ہو گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.