اسلام آباد میں گرینڈ سرچ آپریشنز، 7 اشتہاری گرفتار

23

اسلام آباد، یکم مارچ 2026: آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 45 سرچ آپریشنز کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ آپریشنز کے دوران 5,669 افراد، 2,553 گھرانوں اور 739 دکانوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 1,600 موٹر سائیکلوں اور 535 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
جانچ پڑتال کے لیے 64 افغان باشندوں سمیت 373 مشکوک افراد کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 18 گاڑیوں اور 147 موٹر سائیکلوں کو بھی تحویل میں لیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب 7 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث 21 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان سے 150 گرام ہیروئن، 311 گرام آئس، 20 بوتلیں شراب، ایک کلاشنکوف، 3 رائفلیں، 7 پستول، ایک خنجر اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئیں۔
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 55 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق آپریشن کا مقصد جرائم کی بیخ کنی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ شہریوں سے چیکنگ کے دوران تعاون اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

Comments are closed.