“سپریم کورٹ کا کوئٹہ رجسٹری کے لیے ‘فلیکسیبل فکسیشن سسٹم’ متعارف، مقدمات کی سماعت میں تیزی آئے گی”
اسلام آباد، 28 فروری: عوام اور وکلاء برادری کو سہولت فراہم کرنے اور مقدمات کی بروقت سماعت کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان نے کوئٹہ برانچ رجسٹری میں دائر ہونے والے مقدمات کے لیے ایک نیا فلیکسیبل فکسیشن نظام متعارف کرا دیا ہے۔اس نئے انتظام کے تحت کوئٹہ برانچ رجسٹری میں مقدمات دائر کرنے والے سائلین اور معزز اراکینِ بار کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ دائرگی کے وقت ہی یہ انتخاب کریں کہ ان کا مقدمہ کوئٹہ برانچ رجسٹری میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے یا پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں۔یہ اقدام کوئٹہ میں وکلاء برادری کی جانب سے اٹھائے گئے ان تحفظات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے جن میں برانچ رجسٹری میں زیرِ التواء مقدمات کی نسبتاً کم تعداد کے باعث باقاعدہ بینچوں کی محدود دستیابی اور اس سے پیدا ہونے والی دشواریوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ نئے طریقہ کار کا مقصد دائرگی کے مرحلے پر ہی وضاحت فراہم کرنا اور مقدمات کی مؤثر اور منظم شیڈولنگ کو یقینی بنانا ہے۔مذکورہ پیش رفت سپریم کورٹ کے اس عزم کی عکاس ہے کہ عدالتی نظام کو عوام دوست، مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے، اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سائلین اور وکلاء کو بروقت، آسان اور لچکدار عدالتی سہولتیں میسر آئیں۔
Comments are closed.