اخباری صنعت کے ہر احتجاج میں شانہ بشانہ ہوں گے۔ پروفیسر حلیم صادق
اخباری صنعت کے ہر احتجاج میں شانہ بشانہ ہوں گے۔ پروفیسر حلیم صادق
عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری کا اخبارات ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ کا دورہ
میڈیا کی بقا جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے، اخباری صنعت کی آواز دبنے نہیں دیں گے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری
کوئٹہ (پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری ” پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق ” نے کہا ہے۔ کہ بلوچستان کی صحافت ایک کٹھن دور سے گزر رہی ہے، لیکن عوام پاکستان پارٹی صحافیوں اور اخباری اداروں کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے یہ بات اخباری صنعت ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے مظاہرین سے ملاقات اور اظہار یکجہتی کیا۔ ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ اخباری صنعت نہ صرف عوام کی آواز ہے بلکہ جمہوری نظام کا ستون بھی ہے۔ اگر صحافت کو دیوار سے لگایا گیا تو یہ صرف اخبارات کا نہیں، پوری قوم کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اخباری کارکنان جن حالات میں کام کر رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش بھی ہیں اور قابلِ تشویش بھی۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اخباری صنعت کے مسائل فوری طور پر حل کریں۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی اخباری صنعت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم ہر پلیٹ فارم پر آپ کی آواز اٹھائیں گے، اور اگر ضرورت پڑی تو ہر قسم کے احتجاج اور دھرنوں میں آپ کے ساتھ موجود ہوں گے۔ آپ کی قربانیوں اور جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ ہر شہری کا حق ہے۔ بلوچستان جیسے حساس صوبے میں آزاد صحافت کا کردار اور بھی اہم ہو جاتا ہے، جہاں سچ بولنا خود ایک خطرہ مول لینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اخباری صنعت ایکشن کمیٹی کے تمام اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ عوام پاکستان پارٹی ان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کی جدوجہد میں قدم بہ قدم شریک رہے گی۔