پی ایچ اے ایف ریذیڈنشیا پشاور میں ترقیاتی کاموں کا آغاز

16

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن (پی ایچ اے ایف) نے خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی (کے پی ایچ اے) کے تعاون سے پی ایچ اے ایف ریذیڈنشیا، پشاور کے منصوبے پر تیز رفتار ترقیاتی و تعمیراتی کام شروع کر دیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق منصوبے کے تحت باونڈری وال، مین بلیوارڈ اور مرکزی گیٹ کی تعمیر جاری ہے، جبکہ فول پروف سیکیورٹی کے لیے مستقل پولیس اسٹیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

یہ رہائشی منصوبہ 8,000 کنال اراضی پر محیط ہے اور خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری ہاؤسنگ پراجیکٹس میں شمار ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ حکومتِ پاکستان اور حکومتِ خیبر پختونخوا کا مشترکہ منصوبہ ہے، جسے رہائشی شعبے میں محفوظ اور قابلِ اعتماد سرمایہ کاری کا موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

کوہاٹ روڈ پر پشاور شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس منصوبے میں 8,000 سے زائد رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے جن میں گرے اسٹرکچر اور اپارٹمنٹس شامل ہوں گے۔ یہ یونٹس کیٹیگری I، II، III اور IV میں بنائے جائیں گے اور منصوبہ چار مراحل میں مکمل ہوگا۔

ابتدائی مرحلے میں 885 رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے 400 یونٹس کے معاہدے پہلے ہی ہو چکے ہیں، جبکہ بھاری مشینری بھی سائٹ پر پہنچا دی گئی ہے۔

پی ایچ اے ایف نے منصوبے کے الاٹیز اور ممبران پر زور دیا ہے کہ وہ تین سالہ اقساط کے پلان کے تحت اپنی ادائیگیاں بروقت شروع کریں تاکہ ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کے لیے فنڈز کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔

Comments are closed.