امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا
اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی اور سفارتی حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے جبکہ مختلف ممالک اور عالمی مبصرین نے پاکستان کے کردار کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی جریدے Firstpost نے بھی ایران کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا ہے،پاکستانی دفتر خارجہ نے پیچیدہ علاقائی حالات اور چیلنجز کے باوجود مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مصر، ترکیہ اور سعودی عرب نے بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا ہے۔ ان ممالک کا ماننا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں نہایت اہم اور بروقت ہیں۔
فرسٹ پوسٹ کے مطابق چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد پاکستان کو ایک نمایاں سفارتی کامیابی حاصل ہوئی، جس کے نتیجے میں ایران نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی طیاروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینا دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا کو ظاہر کرتا ہے۔