*وفاقی وزیر وصدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی اہم پریس کانفرنس،

10

*وفاقی وزیر وصدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی اہم پریس کانفرنس،

سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیاست نہیں خدمت کریں گے — انجینئر امیر مقام

سابق سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت*

اسلام آباد — وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران تمام ادارے اور حکومت متاثرین کی مدد کے لیے یکجا رہے، اور اس نازک وقت میں سیاست کے بجائے خدمت کو ترجیح دی گئی۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ “سیلاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے، اللہ ان تمام افراد کی مغفرت فرمائے جو اس آفت میں جان کی بازی ہار گئے۔”
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن کے پی کے مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم این اے ثمر ہارون بلور، ایم این اے شاہستہ جدون، ہمایوں شاہ صدر پی ایم ایل این چارسدہ اسد شمشیر، احسان اللہ خان
فواد احسان, رحمت سلام خٹک، ایم پی اے رشاد خان، انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ ونگ علی خان یوسفزئی، چیف آرگنائزر یوتھ ونگ کے پی کے سمیع اللہ برکی اور دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں پر پاک فوج، این ڈی ایم اے، وفاقی وزراء اور تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اس اعتراض کو مسترد کیا کہ سیلاب میں وفاقی حکومت کہیں نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ “اپنے ساتھیوں سے کہوں گا کہ نئی عینک لگا کر حقائق دیکھیں۔ وفاقی ادارے اور وزراء سب متحرک رہے۔ بجلی کی بحالی ایک مشکل مرحلہ تھا، مگر وہ بھی ممکن بنایا گیا۔”

چیئرمین این ڈی ایم اے کی موجودگی اور بونیر میں نشاندہی پر فوری کارروائی کا بھی ذکر کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے شہداء کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس کا اعلان کیا ہے اور دیگر متاثرین کو بھی مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ “اسمبلی میں جب فلڈ پر بحث شروع ہوئی تو پی ٹی آئی واک آؤٹ کر گئی، دہشت گردی ہو یا قومی سانحہ، یہ جماعت ہمیشہ بھاگنے کو ترجیح دیتی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہو یا یوم آزادی، پی ٹی آئی نے قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے، اور آئے روز دہشت گردی، آسمانی آفات اور جانی نقصان جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ ان پٹ دینا ہوگا۔ “یہ وقت متحد ہو کر قوم کی خدمت کا ہے، نہ کہ پوائنٹ سکورنگ کا۔”

پریس کانفرنس کے دوران سابق سینیٹر بہر مند خان تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر کسی شرط اور مطالبے کے پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بہرہ مند خان تنگی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں سیاست کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا اور بطور سینیٹر عوام کی آواز بلند کی، مگر موجودہ حالات میں انہیں مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت نظر آئی جو ملک کا درد رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بہرہ مند خان تنگی کو مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کو خیبرپختونخوا میں مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، اور بہرہ مند خان جیسے رہنماؤں کی شمولیت اس عمل کو مزید تیز کرے گی۔

Comments are closed.