سیرت النبی کے فروغ میں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کردار
تحریر: شایان، PID پشاور
سیرت النبی انسانیت کے لیے کامل ضابطۂ حیات اور بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ کی ذات مبارکہ امن، رواداری، عدل، مساوات، اخوت اور محبت کی علامت ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرتی و فکری سطح پر مختلف چیلنجز درپیش ہیں، سیرت النبی کی تعلیمات کو اجاگر کرنا ریاستی اور قومی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف سطحوں پر ایسی حکمت عملی اختیار کرتی ہے جس کے ذریعے معاشرے میں مثبت سوچ اور عملی تبدیلی کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ وزارت ہر سال قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیرت کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کرتی ہے، جہاں علمائے کرام اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندے سیرت النبی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ اس کے ذریعے نہ صرف علمی سطح پر تحقیق و تدریس کو فروغ ملتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی رہنمائی فراہم ہوتی ہے۔ اسی طرح مختلف مقابلہ جات جیسے نعت خوانی، تقریری اور کوئز پروگرامز کے ذریعے طلباء و طالبات کو سیرت النبی کے پیغام سے روشناس کرایا جاتا ہے تاکہ نئی نسل میں اخلاقی و روحانی قدریں پروان چڑھ سکیں۔
وزارت، بین المذاہب مکالمے کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دیتی ہے تاکہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ برداشت اور پرامن بقائے باہمی کے رویے پروان چڑھ سکیں۔ یہ پہلو دراصل نبی کریم کی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے جنہوں نے ہمیشہ عدل، انصاف اور مساوات کو اہمیت دی۔ مزید برآں وزارت تحقیق و اشاعت کے میدان میں بھی مصروف عمل ہے اور سیرت پر علمی کتب و تراجم کو فروغ دے کر ایک مثبت علمی ورثہ چھوڑ رہی ہے جو معاشرتی اور فکری سطح پر بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مساجد اور مدارس کے ذریعے عوام الناس کی براہِ راست رہنمائی بھی کی جا رہی ہے تاکہ خطبات اور نصاب کے ذریعے سیرت کا پیغام معاشرے تک پہنچے۔ وزارت کی ایک اور اہم ذمہ داری یہ ہے کہ سیرت النبی کی روشنی میں انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی جیسے مسائل کا حل پیش کرے اور معاشرے کو اعتدال و توازن کی راہ دکھائے۔ عصر حاضر میں جہاں میڈیا اور سوشل میڈیا عوامی رائے سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وزارت ان ذرائع کو بھی بروئے کار لا کر سیرت النبی کا پیغام عام کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وسیع پیمانے پر عوام براہِ راست اس روشنی سے مستفید ہو سکیں۔
یوں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کردار سیرت النبی کے پیغام کو عام کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی قائم کرنے میں نہایت مؤثر ہے۔ اگر ان کوششوں کو مزید وسعت اور تسلسل دیا جائے، زیادہ وسائل مہیا کیے جائیں اور جدید ذرائع ابلاغ کو بھرپور استعمال میں لایا جائے تو معاشرہ حقیقی معنوں میں ایک پرامن، مہذب اور سیرت النبی ﷺ کا عکس بن سکتا ہے۔
Comments are closed.