صوبائی سیکرٹری جنگلات و وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ محمد فتح بھنگر نے آج تکاتو نیشنل پارک کا تفصیلی فیلڈ دورہ کیا۔

18

کوئٹہ، اگست 2025: صوبائی سیکرٹری جنگلات و وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ محمد فتح بھنگر نے آج تکاتو نیشنل پارک کا تفصیلی فیلڈ دورہ کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر آف فاریسٹ محمد اسلم بزدار اور کنزرویٹر آف وائلڈ لائف و نیشنل پارکس سیف اللہ زہری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد نیشنل پارک میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ، فیلڈ افسران و عملے کی کارکردگی کا جائزہ اور درپیش چیلنجز کا براہ راست مشاہدہ کرنا تھا۔ ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف تکاتو نیشنل پارک نے سیکرٹری اور دیگر حکام کو پارک کے قدرتی ماحول کے تحفظ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور فیلڈ عملے کی جانب سے جاری کاوشوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مقامی آبادی اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کوششیں پارک کے قدرتی حسن اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری محمد فتح بھنگر نے افسران اور عملے کو مسائل کے حل کے لیے مزید مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت دی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے مشن کو ہر ممکن وسائل کے ساتھ سپورٹ کرے گی۔ ٹیم نے عملے کو حوصلہ دیا کہ وہ جذبے اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں۔ دورے کے دوران مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جن میں غیر قانونی شکار، مویشیوں کی چرائی اور پانی کی قلت جیسے سنگین مسائل شامل تھے۔ حکام نے ان خدشات کو سنجیدگی سے نوٹ کیا اور مقامی لوگوں کے تعاون سے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں، “ایک بچی ایک شجر” کے عنوان سے شجر کاری مہم کے تحت لکائی علاقے میں پستہ خنجک کا پودا لگایا گیا۔ یہ اقدام نہ صرف شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز و شاداب ماحول فراہم کرنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف بلوچستان قدرتی وسائل کے تحفظ، مقامی کمیونٹی کی شمولیت اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے عملی اور سنجیدہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔

Comments are closed.