گورنر خیبرپختونخوا سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے وفد کی ملاقات، مسئلہ کشمیر اور حالیہ سیلاب پر تبادلہ خیال

- عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 9 ستمبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔
وفد میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، وزیر لوکل گورنمنٹ فیصل ممتاز راٹھور، وزیر مذہبی امور محمد احمد قادری، ایم ایل اے حسن ابراہیم اور بشارت حسین شامل تھے۔
ملاقات میں عالمی مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفد نے گورنر کو بتایا کہ مسئلہ کشمیر پر ’’ون پوائنٹ ایجنڈا‘‘ کی تیاری کے لیے ملکی سیاسی قیادت سے مشاورت جاری ہے۔ اس سلسلے میں قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی جس میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکرز، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اجلاس میں ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں اور دریاؤں کے کناروں پر تجاوزات کے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں ظہرانہ دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ:
> “خیبرپختونخوا کے عوام ابتدا سے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بنے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی حاصل کریں گے۔ ہم کشمیری عوام کی جدوجہد، صبر اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔”



