پاکستان کیلئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، سعودی سفیر

0

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس بھی نہیں بھیجا جارہا۔

شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارہ برائے پاکستان کے زیر اہتمام ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے لئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیجا جارہا، صرف ان لوگوں کو واپس بھیجا جاتا ہے جن کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں، صرف پاکستانی نہیں کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ہوں ان کے لئے قانون ایک ہی ہے، اقامہ اور ویزا رکھنے والوں کو واپس نہیں بھیجا جاتا۔

سعودی سفیرکا کہنا تھا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے موسم سرما کا ریلیف پیکج تقسیم کیا جارہا ہے جس میں سرد علاقوں کے مستحقین کو گرم کپڑے تقسیم کئے جائیں گے، یہ تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بہترین تعلقات کا عکاس ہے۔ ہر طرح کے حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، دونوں ممالک کندھے سے کندھا ملاکر کام کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے ونٹر ریلیف پراجکٹ کے تحت چترال، سوات و شانگلہ کے مستحقین میں 12 کروڑ سے زائد مالیت کی رضائیاں و گرم کپڑے تقسیم کئے جائیں گے، امدادی سامان سے 135300 افراد مستفید ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.