پولینڈ میں دنیا کا گہرا ترین سوئمنگ پول قائم
دنیا کا سب سے گہرا ترین سوئمنگ پول پولینڈ میں قائم کیا گیا ہے جو 148 فٹ (45 میٹر) گہرا ہے اور اس میں 8000 مکعب میٹر پانی بھرا جاسکتا ہے جو عام سوئمنگ پول سے 20 گنا زائد ہے۔
اسے ہرعمر اور ہردرجے کے غوطہ خور اور ماہرین کی تربیت کے لیے بنایا گیا ہے جس پر ایک کروڑ ڈالر یعنی ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔ اس کی ساخت ایک گہرے نیلے گڑھے کی سی ہے جس کا آخری اور گہرا ترین سرا اس کے آخر میں واقع ہے۔ یہاں ایک چھوٹے سے سمندری جہاز کا ڈھانچہ، پانی میں غار اور مایا تہذیب کے بعض آثار بھی قائم کئے گئے ہیں جنہیں مختلف غوطہ خور تلاش کرسکتے ہیں۔
اس سوئمنگ پول میں کورال ریفس یا مرجانی چٹانیں موجود نہیں اور نہ ہی کسی قسم کی مچھلی پائی جاتی ہے۔ لیکن یہ ایک بہت عمدہ جگہ ہے جہاں کھلے پانی میں غوطہ خور اپنی صلاحیت آزما سکیں گے۔ اسے ڈیپ اسپاٹ کا نام دیا گیا ہے جو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے 30 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔
اس سوئمنگ پول میں شیشے کی ایک سرنگ بنائی گئی ہے جہاں لوگ کھڑے ہوکر اس کا نظارہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں ہوٹل بھی موجود ہے اور پانچ میٹر گہرائی میں ہوٹلوں کے کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔ لیکن یہاں ایک بہت بڑا ٹریننگ سینٹر ہے جہاں ہرعمر کے لوگ سوئمنگ اور ڈائیونگ کی اعلیٰ ترین تربیت حاصل کرسکیں گے۔ تاہم ان کے سب سے بڑے گاہک بحری اور بری افواج کے سپاہی ہوں گے جو یہاں مختلف مشقوں اور آپریشن کی تربیت حاصل کریں گے۔