جام کمال کے کراچی میں ڈیرے نیک نیتی سے عوام کی خدمت کی
کراچی : بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ میرجام کمال خان نے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد کراچی میں ڈیرے ڈال لیئے ہیں اورسیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب جام میر کمال خان عالیانی سے کراچی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماؤں معروف بزرگ شخصیت پیر گل شاہ جیلانی۔پیر فرید شاہ جیلانی۔پیراسد شاہ جیلانی نواز علی شاہوک نے ملاقات کی اور ضلع لسبیلہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب جام میر کمال خان عالیانی نے اپنی رہائشگاہ پرمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی خدمت کے لیے اقتدارنہیں جذبے کی ضرورت ہے اقتدار رہے یا نہ رہے لیکن ضلع لسبیلہ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ تین سالہ دور اقتدار میں پورے بلوچستان سمیت ضلع لسبیلہ کے عوام کی نیک نیتی سے خدمت کی ہے اور انشا اللہ اب بھی اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ لسبیلہ کے عوام کے حقوق کی پاسداری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے لسبیلہ کے عوام نے ہمیں جو اعزاز بخشاہے عوام کے اعتماد کوکبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔