پاکستان میں والی بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کھیل کے فروغ کیلئے وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان والی بال ٹیم کوچ

0

:پاکستان والی بال ٹیم کے برازیلین کوچ ایسانے ریمائرس فیراس نے کہا ہے کہ پاکستان میں والی بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، قومی ٹیم کی ایشین گیمز میں کارکردگی اچھی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت جمنازیم میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سردار محمد نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصیر احمد، اسلام آباد والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چوہدری محمد اکرم، کوچز سعید احمد اور لائق خان بھی موجود تھے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر نے کہاکہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کرنے پر انٹرنیشنل درجہ بندی متاثر ہوتی ہے۔ اس وقت پاکستان انٹرنیشنل سطح پر ساتویں سے پانچویں پوزیشن پر ہے اور ہمارے سات سے آٹھ کی تعداد میں کھلاڑی بیرون ملک لیگ کھیل رہے ہیں۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصیر احمد نے کہاکہ ملکی تاریخ میں کبھی اتنے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل نہیں کیں ، گزشتہ برس میں تین غیرملکی کوچز کی خدمات حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں بڑی ٹیموں کوریا اور بھارت کو شکست دی ۔خواتین کھلاڑیوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصیر احمد نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو تربیت دیں۔ سردار محمد نواز نے کہا کہ نیشنل ویمن والی بال چیمپئن شپ 16 سے 20 دسمبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.