والدہ کو بیٹی نہیں ماں بن کر کورونا سے بچایا تھا، بیٹی روبینہ اشرف

0

سینیئر اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی مینا طارق نے کہا ہے کہ جب ان کی والدہ جون 2020 میں کورونا کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلی گئی تھیں، اس وقت انہوں نے والدہ کو بیٹی نہیں بلکہ ماں بن کر بیماری اور موت سے بچایا۔

روبینہ اشرف میں جون 2020 میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ کئی ہفتوں تک بیمار رہی تھیں، انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں بھی رکھا گیا تھا، جب کہ ان کی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں بھی پھیلائی گئی تھیں۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے روبینہ اشرف نے احسن خان سمیت ان کی نسل اور نئے اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سب اچھا کام کر رہے ہیں۔

پروگرام میں میزبان نے اداکارہ کی بیٹی سے سوال کیا کہ انہوں نے اپنے نام کے پیچھے اشرف لگانے کے بجائے طارق کیوں لگایا ہے اور کیا انہیں کبھی نام تبدیل کرنے کا خیال آیا؟ جس پر اداکارہ کی بیٹی نے کہا کہ حیران کن طور پر انہیں کبھی والدہ کا نام اپنے نام کے ساتھ لگانے کا خیال نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ لوگ ایسا سمجھتے ہیں کہ ان کی والدہ نے دو شادیاں کی ہوں گی اور مینا طارق کے والد اشرف نہیں کوئی اور ہوں گے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے روبینہ اشرف نے بتایا کہ بیٹی کی طرح انہوں نے بھی اپنا نام تبدیل نہیں کیا، شادی کرنے کے باوجود انہوں نے اپنے نام کے بعد شوہر کا نام طارق نہیں لگایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی اور طارق کی شادی کو 35 سال ہو چکے ہیں اور اب زائدالعمر ہوجانے کی وجہ سے وہ اور ان کے شوہر زیادہ وقت گھر پر ہی رہتے ہیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں میزبان کے سوال پر روبینہ اشرف کی بیٹی نے بتایاکہ جب والدہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں، اس وقت انہوں نے زندگی کے مشکل ترین دن دیکھے، ہر لمحہ ان کے خیالات تبدیل ہوتے تھے اور وہ پریشانی کے عالم میں رہتی تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب ان کی والدہ بیمار ہوئیں تو ابتدا میں انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرنا ہے اور ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، تاہم گزرتے دنوں کے ساتھ انہیں سمجھ آتی گئی کہ انہیں معاملات کس طرح سنبھالنے ہیں۔

مینا طارق کے مطابق جب والدہ بیمار ہوئیں تو انہوں نے سوچا کہ اگر والدہ کی جگہ وہ خود ہوتیں تو ان کی ماں دنیا سے لڑ کر بھی انہیں بچاتیں اور پھر انہوں نے بھی ایسا ہی کیا اور ہمت کرکے حالات کا مقابلہ کیا۔

اداکارہ کی صاحبزادی نے بتایا کہ ایک طرح سے انہوں نے بیٹی نہیں بلکہ ماں بن کر اپنی والدہ کو بچایا اور ان کی ٹھیک ایسے ہی خدمت کی، جیسے کوئی والدہ اپنے بچوں کی خدمت کرتی ہیں۔

اس سے قبل ستمبر 2021 میں روبینہ اشرف نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایک طرح سے ان کی بیٹی انہیں موت کے منہ سے نکال کر لائی تھیں۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ اگر ان کی بیٹی نہ ہوتیں تو وہ نہیں بچ سکتی تھیں اور ساتھ ہی انہوں نے کورونا ہونے کے بعد اپنی موت کی جعلی خبروں پر بھی دکھ کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ غلط خبروں سے سب سے زیادہ ان کی بیٹی تکلیف سے گزریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.