خاتون رپورٹر کی ہلاکت؛ عمران خان نے تیسرے دن کا لانگ مارچ ختم کردیا
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر کی کنٹینر سے گرکر ہلاکت کے بعد تیسرے دن کے لانگ مارچ کو ختم کردیا، چوتھے دن کے لانگ مارچ کا آغاز کل گوجرانوالہ سے کیا جائے گا۔
مریدکے میں لانگ مارچ میں شریک کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے بات کرتا ہوں جن سے ملنے آپ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر جایا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تمھارے پاس ہے کیا بات کرنے کے لیے، اور میں تمھیں کیوں پیغام پہنچاؤں گا، میں نے ان سے بات کی جو تمھیں اشاروں پر چلاتے ہیں اور ان سے بھی یہی کہا کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کروائے جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف پوری دنیا سے تم پیسے مانگ رہے ہو، مجھے پیسے دے دو، قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی طرح ایوب خان کو ڈیڈی نہیں کہتا تھا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے مدد مانگتا ہوں، میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں بلکہ عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مریدکے کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، رات کو لانگ مارچ اس لیے ختم کیا کیونکہ عوام کا سمندر رات کو نظر نہیں آنا تھا۔
لانگ مارچ سادھوکی پہنچ گیا، آتش بازی، کنٹینر پر گل پاشی
دریں اثنا تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا سفر کامونکی کی طرف روانہ ہوا اور وہاں سے سادھوکی پہنچ گیا جہاں عمران خان کی آمد پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، کنٹینر پر گل باشی کی گئی۔
اس دوران نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر دھکا لگنے کی وجہ سے کنٹینر سے نیچے گری اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد تیسرے دن کے لانگ مارچ کو وہیں ختم کردیا گیا، چوتھے دن کا لانگ مارچ گوجرانوالہ سے شروع ہوگا۔