آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی
آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ، پاکستانی ٹیم 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، شان مسعود اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں اسکور کیں ، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں
، انہیں میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 187 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ایلیکس کیری نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ،
مچل سٹارک 9 ، پیٹ کمنز 16 اور نیتھن لائن 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے چار ، چار جبکہ عامر جمال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، کینگروز نے پہلی اننگز میں 54 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 317 رنز کا ہدف دیا ، پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی
، پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور عبداللہ شفیق 4 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 12 کے انفرادی اسکور پر پیٹ کمنز نے امام الحق کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا ، اس موقع پر کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور 61 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا دیا ،
شان مسعود تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 60 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 146 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی اہم وکٹ گر گئی جب بابر اعظم 41 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ،
سعود شکیل پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بنا کر مچل سٹارک کا نشانہ بنے ، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا تاہم 219 رنز پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب محمد رضوان 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایلیکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے
، اپنے اگلے اوور میں پیٹ کمنز نے عامر جمال کو صفر پر آؤٹ کر دیا ، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی ، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکٹیں مچل سٹارک کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل ووڈ نے شکار بنایا۔