سری لنکا میں لاک ڈاؤن : نجی گاڑیوں کیلئے ایندھن کی فراہمی بند
کولمبو : سری لنکا میں ایندھن کی قلت کے باعث لاک ڈاؤن لگاتے ہوئے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، جس سے ملک میں حالات مزید بگڑنےکا خطرہ ہے۔
سری لنکن کابینہ نے 10 جولائی تک نجی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صرف ضروری سروسز کو ایندھن دستیاب ہوگا۔
کابینہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے کے بعد بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ بندرگاہ، طبی سروسز اور فوڈ ٹرانسپورٹ کو پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی جاری رہے گی جبکہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے درخواست کی جاتی ہے کہ اس مشکل وقت میں گھر میں رہ کر آن لائن سروسز فراہم کریں۔بیان کے مطابق سری لنکا کو اس وقت ملکی تاریخ کے سب سے بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔
سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہماری معیشت مکمل طور پر منہدم ہوچکی ہے اور ایندھن خریدنے کے لیے رقم موجود نہیں، جبکہ ضروری اشیا کی قلت اور بجلی کا بحران بھی بدترین ہوگیا ہے۔
معاشی بحران میں کمی لانے کے لیے سری لنکن حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے جارہے ہیں جبکہ بھارت اور چین سے بھی مؤخر ادائیگیوں پر درآمدات کے لیے بات چیت کی جارہی ہے۔
سری لنکا میں سرکاری اسکولوں کو پہلے ہی بند کیا جاچکا ہے جبکہ سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھر میں رہ کر کام کریں، جس کے باعث دارالحکومت کولمبو میں آج کل سڑکیں ویران نظر آتی ہیں۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے رعایتی قیمت پر ایندھن حاصل کرنے کے لیے وزرا کے وفد قطر اور روس پہنچ گئے ہیں۔