ہوائوں کا رخ بدل کر پھر مسلم لیگ (ن)کی طرف ہو جاتا ہے،احتساب کا دہرا نظام ہے ‘حمزہ شہباز
لاہور(این این آئی )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتساب کا دہرا نظام ہے، یہ کونسا نیا پاکستان ہے ؟ آج پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ملک میں مایوسیوں کے ڈیرے اور حکومت کے بلند و بانگ دعوے ہیں، اورنج لائن نہیں چل سکی، بی آرٹی منصوبے پر ابھی تک کھڈے ہیں، آج بھوک غریب آدمی کے دروازے پر دستک دے رہی ہے، حکومت کا جی بھرا نہیںاوراب بھی گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا ارادہ ہے، یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب حکومت بتائے 14 ماہ میں کونسا منصوبہ مکمل کیا ؟ ہوائوں کا رخ بدل کر پھر مسلم لیگ (ن)کی طرف ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم قائداعظم کا یوم پیدائش تو مناتے ہیں مگر ان کے فرمودات پر عمل نہیں کرتے، 25 دسمبر مناتے وقت دل میں شرمندگی ہوتی ہے، ہم قائد کے اصولوں پر عمل نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ بینظیرعظیم لیڈر تھیں، ہم سیاسی اختلاف میں محسنوں کو بھول جاتے ہیں۔