بھارتی ریاست کی مظاہرین کو جائیدادیں ضبط کرنے کی دھمکی

0

نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش نے متنازع شہریت کے قانون کے خلاف احتجاج میں شریک 200 سے زائد مظاہرین سے سرکاری جائیدادوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کی دھمکی دے دی۔خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش حکومت کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ کم ازکم 230 نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں سے اکثریت مسلمانوں کو بھیجے گئے ہیں اور نوٹس میں کروڑوں کے نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے افراد کو احتجاج اور دیگر جرائم میں ملوث قرار دیا گیا ہے تاہم اب تک کسی کو سزا نہیں دی گئی جبکہ ریاستی عہدیداروں نے احتجاج کا الزام مسلمان مظاہرین پر عائد کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق رامپور کے علاقے کے رہائشی محمد فہیم کو بھی ریاست کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے جبکہ ان کے بہنوئی محمد محمود پولیس کی حراست میں ہیں۔دوسری جانب اترپردیش حکومت کے ترجمان مریتنجے کمار کا کہنا تھا کہ حکام سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان اور بھیجے گئے نوٹسز کا جائزہ لیں گے۔ریاستی پولیس کے سابق سربراہ وکرم سنگھ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے نوٹسز قبل از وقت ہیں، آپ شکایت نہیں کرسکتے اور نہ ہی خود انصاف کرسکتے ہیں اس لیے ریاست کو نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اتھارٹی بنانے کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.