آریان خان کو گرفتار کرنے والا این سی بی آفیسر مشکل میں پھنس گیا

0

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کرنے والا این سی بی آفیسر سمیر واکھنڈے مشکل میں پڑگیا۔

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان جب سے منشیات کیس میں گرفتار ہوا ہے اس و قت سے اسے گرفتار کرنے والا نارکوٹکس  کنٹرول بیرو کا زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے سرخیوں میں ہے۔

تاہم اب واکھنڈے کے لیے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔ تازہ ترین پیش رفت میں ایک وکیل نے واکھنڈے کے خلاف بھتہ خوری کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بھارتی نیوز ایجنسی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا سدھا نامی ایک وکیل نے سمیر واکھنڈے سمیت دیگر 4 افراد  کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے ان تمام افراد کے خلاف بھتہ خوری یعنی جبری وصولی کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ آریان خان منشیات کیس کے آزاد گواہ  پربھاکر سائل نے گزشتہ روز اپنے حلفیہ بیان میں دعویٰ کیاتھا کہ سمیر واکھنڈے نے آریان خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیاتھا۔

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا این سی بی نے ان سے خالی کاغذات (پنچ نامے) پر سائن کرنے کے لیے کہاتھا۔ بہرحال واکھنڈے نے پربھاکر سائل کی جانب سے لگائے جانے والے سارے الزامات کی تردید کردی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.