تحریک انصاف کا ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مبینہ جانبدارانہ رویے کی مذمت کی ہے۔
ٹیلی ویژن فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، گجرات اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر تحریک انصاف کے احتجاج میں پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی بھی موجود رہے۔
مظاہرے سے قبل کراچی میں ای سی پی آفس کے باہر پولیس تعینات تھی اور سیکیورٹی انتظامات کے تحت 3 موبائل وینز بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔