بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزراء کا خطاب

0

بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت یکساں بنیادوں پر تمام اضلاع میں ترقی کے عمل کو تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے۔ تمام علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشک شہر میں بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر عارف جان محمد حسنی،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی،بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر حاجی میر عبدالقدوس میروانی ودیگر علاقائی معتبرین و عمائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے تمام تر وسائل کو صوبے کی ترقی پر خرچ کررہی ہے اور معیاری ترقیاتی منصوبے جامع حکمت عملی کے تحت مرتب کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ واشک کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے صوبائی حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ تمام علاقوں کو یکساں طور پر ترقیاتی فنڈز دے رہے ہیں۔کسی بھی علاقے کو نظرانداز نہیں کررہے بلکہ ترجیحی بنیادوں پر صوبے کے دوردراز علاقوں میں نہ رکنے والا ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔موجودہ عوامی حکومت ایک وژن کے ساتھ میگا منصوبوں پر عوام کی خوشحالی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک نئے وژن کے ساتھ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر دیکھنا چاہتے ہیں اور وفاقی حکومت نے بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے میگا پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس سے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے پروگرام شروع کئے گئے ہیں جس سے نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں ایک بڑی قوت کے ساتھ ابھری ہے عوام نے جس اعتماد کا اظہار موجودہ صوبائی حکومت پر کیا ہے عوام کے اس اعتمادکو کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ عوامی اجتماع سے رکن قومی اسمبلی حاجی احسان اللہ ریکی، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے بھی خطاب کیا اور ضلع واشک کے بنیادی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبہ ترقی کی طرف رواں دواں ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پہلی فرصت میں ضلع واشک کے جملہ مسائل کے حل کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اپنی پوری ٹیم کے ساتھ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.