کیسکوکی جانب سے تمام نادہندگان کو بل جمع کرانے کیلئے نوٹسز جاری
کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوزرغون ڈویژن کوئٹہ نے سرکاری محکموں کوبجلی کے واجبات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز جاری کردئیے ہیں ۔اُن نادہندہ سرکاری محکموںمیں گورنرہاوس کوئٹہ کے ذمہ تقریباً15ملین روپے ، سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے ذمہ تقریباً 59ملین روپے، سول سیکریٹریٹ کوئٹہ 11ملین روپے، محکمہ ایری گیشن اینڈ پاور کے ذمہ 11ملین روپے سے زائد کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔مذکورہ نوٹس میں تمام نادہندہ سرکاری محکموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے بجلی کے واجبات جمع کرائیں نیز مقررہ وقت تک بقایاجات جمع نہ کرانے پر نادہندگان کی بجلی منقطع کردی جائے گی ۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں کیسکوکی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ(پی ایچ ای)کے زیرانتظام مختلف واٹر سپلائی اسکیمز کے کنکشنز ، فارسٹ آفس کوئٹہ، کوئٹہ میونسپل کارپوریشن(QMC) اور مختلف گورنمنٹ اسکول کے کنکشنز بلوںکی عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے۔کیسکوبروری سب ڈویژن کی ٹیم نے بھی کارروائی کرتے ہوئے قمبرانی روڈ، اے ون سٹی ،ناشناس کالونی اورسبزل روڈکے علاقوںمیں مختلف ڈائریکٹ کنڈے ہٹا کر اُن کی تاریں قبضہ میں لئے گئے اور اس دوران مختلف گھریلوبجلی چوروںسے ایک لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی وصول کئے گئے ۔اسی طرح کیسکو خضدار سرکل کے تحت کانک سب ڈویژن کی ٹیم نے نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران 12زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرز جبکہ کیسکو پشین سرکل میں چمن۔ I سب ڈویژن کی ٹیم نے زرعی اور گھریلو نادہندگان کے4ٹرانسفارمرزبجلی بلوںکی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے۔واضح رہے کہ نا دہندگان کی جا نب سے بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کیسکو مجبوراً اُن تمام سرکاری، نجی، گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل او ر زرعی صارفین کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کررہی ہے جو ابھی تک اپنے واجبات کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں۔ لہٰذا تمام نادہندہ صارفین کسی بھی زحمت سے بچنے کے لئے اپنے بجلی کے بل بروقت جمع کرانے کے سا تھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں۔