پشاور بی آر ٹی منصوبہ، ہائیکورٹ کے ایف آئی اے کو تحقیقات کے حکم کیخلاف پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
پشاور /اسلام آباد (این این آئی)پشاور بی آر ٹی منصوبہ، ہائیکورٹ کے ایف آئی اے کو تحقیقات کے حکم کے خلاف پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ ’’این این آئی ‘‘کو حاصل ہونے والی سپریم کورٹ کی درخواست میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکا جائے۔ کے پی کے کی صوبائی حکومت نے ابھی تک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دائر اپیل کو نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد نے بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو تیس دن کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ منصوبے کی مکمل رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم نے پینس سوالات پر دسمبر کے پہلے ہفتے میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔