ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی
متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلش بولرز نے کالی آندھی کی ایک نہ چلنے دی۔ کرس گیل کے علاوہ کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 15ویں اوور میں 55 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 4 وکٹیں گنوائیں، جیسن روئے 11، جونی بریسٹو 9، معین علی 3 اور لیام لیونگ اسٹون ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ جوز بٹلر 24 اور کپتان ایون مورگن 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 2 اور روی رامپال نے ایک وکٹ حاصل کیں۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس انگلش کپتان اون مورگن نے جیت کر پہلے ویسٹ انڈیزکو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس اور لینڈل سیمنز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے جس کے باعث بعد میں آنے والے بلے بازوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ سیمنز 3، لیوس 6، کرس گیل 13، شرمون یٹمیر 9، ڈیوائن براو 6 اور نکولس پورن ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
آندرے رسل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، کپتان کیرون پولارڈ کی ہمت بھی 7 رنز پر جواب دے گئی، مکوئے 0، روی رامپال 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ عقیل حسین 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 4، معین علی اور ٹیمل ملز نے 2،2 جب کہ کرس ووکس اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔