شمی کپور کے بیٹے 67 سال کی عمر میں گریجویٹ بن گئے
ممبئی: بالی ووڈ کے ماضی کے سپر اسٹار شمی کپور کے بیٹے نے 67 سال کی عمر میں گریجویشن کرلیا۔
بھارتی فلموں میں اپنے مخصوص اسٹائل اور ڈانس کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے آنجہانی شمی کپور کے بیٹے آدیتیہ راج کپور نے سوشل میڈیا پراپنی کامیابی کی خبر شئیر کی۔آدیتیہ راج کپور کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلسفے میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے بی اے کی ڈگری کے ساتھ اپنی پکچر بھی شئیر کی۔
آدیتیہ راج کپور نے کہا کہ میرے پاس تعلیم حاصل کرنے کے بہت سے مواقع تھے لیکن ان پر توجہ نہیں دی۔ گزرتے وقت کے ساتھ غلطی کا احساس ہوا اور اپنے اندر خالی پن محسوس ہوا۔تعلیم کی اہمیت کا احساس ہوتے ہی ڈگری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آدیتیہ راج کپور نے اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی سے بی اے فلاسفی (آنرز) کی ڈگری حاصل کی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے تعلیم کے حصول کے لیے عمر کو رکاوٹ نہ بننے دینے پر آدیتیہ راج کپور کو مبارکباد دی اور ان کے جذبے کو سراہا۔