گورنر پنجاب کی طبعیت اچانک ناساز، ہسپتال داخل
لاہور :گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث انہیں علاج کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔
سروسز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے گورنر پنجاب کی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو پیٹ کا مرض لاحق ہے، ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کو میڈیکل ون وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سروسز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے گورنر پنجاب کے پہنچتے ہی ان کا فوری علاج شروع کیا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم مزید علاج کیلئے ان کے کچھ ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کچھ عرصہ قبل ہی عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب کا عہدہ دیا تھا۔ ان کے بارے میں اس وقت تنازع کھڑا ہوا جب انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کر دیا۔
گورنر پنجاب کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں بیان جمع کرواتے ہوئے کہا تھا کہ حلف لینے سے قاصر ہیں۔ اس کے بعد عدالت نے صدر عارف علوی کو حلف کیلئے نیا نمائندہ مقرر کرنے کے لئے کہا تھا۔