مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سرکاری دورے پر نائیجیریا روانہ
اسلام آباد : مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد دورہ نائیجیریا پر روانہ ہو گئے، دورے کے دوران مشیر تجارت دوسری پاک افریقہ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شریک ہوں گے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کانفرنس اور نمائش میں پاکستان سے 115 کاروباری وفود شرکت کریں گے، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ، خوراک اور سبزیوں کی کمپنیاں نمائش میں شریک ہوں گی۔
اعلامیہ کے مطابق آئی ٹی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات نمائش میں پیش کریں گی، کانفرنس اور نمائش کا اہتمام وزارت تجارت کی طرف سے لک افریقہ پالیسی کے تحت کیا جاتا ہے۔