بچے قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس کے مستقبل کی ضمانت ہیں، صدر ڈاکٹر عارف علوی کا عالمی یوم اطفال پر پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس کے مستقبل کی واحد ضمانت ہیں، پاکستان اپنے بچوں کی جانب اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہے اور دستور ِ پاکستان اور اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن کے مطابق بچوں کی جامع ترقی، اندراجِ پیدائش ، تعلیم، صحت ، شرکت، وقار اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں کر رہا ہے،
سماجی انصاف اور مساوات ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک صحت مند معاشرے کا ڈھانچہ استوار کیا جانا چاہیے، اس کیلئے ہمیں معاشری سطح پر ایک تحریک کی ضرورت ہے، کمیونٹیز اور خاندانوں کو ہماری قوم کے مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عالمی یومِ اطفال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم اطفال’’ہر بچے کیلئے ہر حق‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے ،آج کے دن ہم بچوں کے حقوق اور بہبود کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن سمیت انسانی حقوق کے سات بنیادی کنونشنز پر دستخط کر چکا ہے،
پاکستان بچوں کی خرید و فروخت، جسم فروشی ، پورنوگرافی اور جنگوں میں بچوں کی شمولیت سے متعلق اختیاری پروٹوکول کی بھی توثیق کر چکا ہے، اقوام ِمتحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن پر ایک دستخط کنندہ کے طور پر پاکستان بچوں کے حقوق کی وکالت، تحفظ اور فروغ میں صفِ اول میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچے ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی ، غذائیت کی قلت اور معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک عدم رسائی جیسے کئی چیلنجز کا شکار ہیں۔
اس کے علاوہ انہیں بچوں کی سمگلنگ، شادی، چائلڈ لیبر، جسمانی سزا، بدسلوکی، قانون سے تصادم اور نقصان دہ سماجی روایات جیسے تحفظ کے مختلف چیلنجز کا بھی سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2018 ء ، جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018 ء ، زینب الرٹ ریسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ2020 ء اور بچوں کی ملازمت کے ایکٹ 1991 ء میں پیشوں کی فہرست میں’’چائلڈ ڈومیسٹک لیبر‘‘ کو شامل کرنے سمیت مختلف قوانین بنائے ہیں۔
اسی طرح بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن ، آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ، زینب الرٹ ریسپانس اینڈ ریکوری ایجنسی (زارا) اور آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایڈوائزری بورڈ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کو اُن کے حقوق اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔صدر مملکت نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے پیشِ نظر پاکستان بچوں پر سرمایہ کاری کے واضح وژن کا حامل ہے
،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سماجی انصاف اور مساوات ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک صحت مند معاشرے کا ڈھانچہ استوار کیا جانا چاہیے،اس کیلئے ہمیں معاشری سطح پر ایک تحریک کی ضرورت ہے، کمیونٹیز اور خاندانوں کو ہماری قوم کے مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارا مذہب اسلام بچوں کی فلاح و بہبود اور بہتر تعلیم و تربیت کی مدد سے انکی کردار سازی کیلئے والدین پر ذمہ داری عائد کرتا ہے،حضور نبی اکرم ﷺ بچوں سے محبت کرتے اور ان کیلئے سب سے زیادہ شفیق اور خیال رکھنے والے تھے۔
عالمی یومِ اطفال کے موقع پر ، میں متعلقہ سرکاری اداروں ، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں، میڈیا، اقوام متحدہ کے اداروں، کمیونٹی، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور خود بچوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سب اکٹھے ہوں اور بچوں کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے قومی کوششوں میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔